حافظ نعیم الرحمان کا ملین مارچ

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا ملین مارچ کا اعلان

ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملین مارچ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں ہزاروں لاشیں ملبے تلے دبی پڑی ہیں، فلسطینیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، تمام مسلم ممالک کو غزہ کے ساتھ کھڑا ہو جانا چاہیئے تھا۔
امیر جماعت اسلامی نے ملین مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی اور اسلام آباد میں بڑا ملین مارچ کریں گے، بلکہ اس پورے ہفتے بڑے مارچ اور جلسے کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومتیں کام نہیں کریں گی تو ان پر دباؤ ڈالیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر کو دوپہر 12بجے عوام سڑکوں پر نکلیں، ہم غزہ کے لیے لڑ نہیں سکتے لیکن سڑکوں پر نکل کر پیغام تو دے سکتے ہیں۔
دوسری طرف امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر ابراہیم خان نے جماعت اسلامی کا رواں ہفتہ یکجہتی غزہ کے نام سے منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ غزہ کی جنگ کو 7 اکتوبر کو ایک سال مکمل ہوگا، اس لئے جماعت اسلامی رواں ہفتہ یکجہتی غزہ کے نام سے منا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر نکل کر مظلوم فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کریں گے، فلسطین میں 2 فیصد شہری شہید، چار فیصد زخمی اور 80 فیصد انفراسٹرکچر تباہ کر دیا گیا ہے۔
پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ اسرائیلی بدمعاشی اور مسلمانوں کی نسل کشی کو امریکہ حق دفاع قرار دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں امریکہ یا برطانیہ سے کوئی گلہ نہیں ، اگر گلہ ہے تو صرف مسلمان حکمرانون سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں کی یہ مجرمانہ غفلت ہی تو ہے کہ کوئی ان مظلوم فلسطینیوں کی مدد کو نہیں پہنچ رہا، بدمست ہاتھی نے غزہ کے بعد لبنان کو بھی نشانہ بنایا ہوا ہے۔
صوبائی امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ غزہ اور لبنان کے بعد صیہونی اب ایران کو بھی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ پوری دنیا کے عوام فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ دے رہے ہیں، بین الاقوامی عدالت نے بھی نیتن یایو کو مجرم قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ظلم کا نظام دیر تک نہیں چل سکتا، جلد ختم ہوگا، مسلمان حکمران کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، مسلم امہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متفقہ طور پر اسرائیل کے خلاف جنگی حکمت عملی اختیار کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم۔ کے خلاف خیبر پختونخوا میں اضلاع کی سطح پر پروگرامات منعقد کئے جائیں گے، 7 اکتوبر کو اسلام اباد میں بڑا احتجاج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آپسی سیاست تو ہوتی رہے گی لیکن فی الحال فوکس غزہ اور لبنان پر ہے، ہم اپنی سیاسی جنگ پھر لڑتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملین مارچ کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، تمام مسلم ممالک کو غزہ کے ساتھ کھڑا ہو جانا چاہیئے تھا۔

مزید پڑھیں:  شانگلہ، کروڑہ اجمیر روڈ کی عدم تعمیر پر عوام کا احتجاج، روڈ بلاک کر دی