ایران نے اسرائیل پر حملہ کردیا

ایران کا اسرائیل پر حملہ ،400کے قریب میزائل فائر

ویب ڈیسک: ایران نے اسرائیل پر حملہ کر دیاہے جس میں 400کے قریب میزائل داغ دیئے گئے ،ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔
اسرائیل کے مختلف علاقوں میں سائرن بجنے لگ گئے، تمام شہریوں کو محفوظ مقام پر جانے کا کہہ دیا گیا ہے ۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 102 میزائل فائر کئے گئے ہیں جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے۔
اس حوالے سے خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تمام شہریوں کو محفوظ مقام پر جانے کا کہہ دیا ہے۔
عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے میں 400کے قریب میزائل داغے گئے ہیں ۔
قبل ازیں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اسرائیلی حکومت اور امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایران آئندہ چند گھنٹوں میں اسرائیل پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینئل ہیگارے کا کہنا ہے کہ امریکا نے ممکنہ ایرانی حملے سے متعلق اسرائیل کو آگاہ کیا ہے، اسرائیل اپنے حلیف ممالک کے ہمراہ انتہائی چوکس ہے
وائٹ ہائوس کے ایک سینئر اہلکار نے اس حوالے سے تصدیق کی تھی کہ امریکہ کے پاس انٹیلی جنس معلومات ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ ایران اسرائیل کے خلاف فوری طور پر بیلسٹک میزائل حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
ایران کی جانب سے ممکنہ حملے کے پیش نظر فرانس، انگلینڈ، امریکہ اور جرمنی نے اسرائیل میں اپنے سفارت خانے خالی کر دیئے ہیں ۔
امریکی سینئر اہلکار نے بتایا کہ ممکنہ ایرانی حملہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں اور حزب اللہ اور حماس کے رہنماؤں کے حالیہ قتل کے بعد کے جواب میں ہے۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کو حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ پر حملے کابدلہ قرار دیا ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو دوبارہ نشانہ بنایاجائے گا۔

مزید پڑھیں:  زمینی آپریشن : اسرائیل کا حزب اللہ کے 250جنگجومارنے کا دعویٰ