ویب ڈیسک: پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی قیادت کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں 7اکتوبر کو مشترکہ احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے ملاقات کی ہے ۔
جماعت اسلامی کے وفد میں حافظ نعیم الرحمن کے علاوہ لیاقت بلوچ، نصراللہ رندھاوا اور میاں اسلم بھی شامل تھے۔
ملاقات کا مقصد مشرق وسطی کی تازہ صورتحال پر تمام جماعتوں سے مشترکہ کوششوں پر تعاون کی درخواست کرنا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مشرق وسطی میں اسرائیل کی بڑھتی جارحیت اور لبنان پر تازہ کاروائیوں پر شدید تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام تر اختلاف سے بالاتر ہوکر فلسطین کیلئے ہمیں ایک ہونا ہے، فلسطین کے ساتھ ہمارا رشتہ بہت پرانا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی بڑی جماعت ہے، ہم نے شروعات یہاں سے کی کہ پہل یہاں سے ہو، پی ٹی آئی 7 اکتوبر کیلئے ہمارے ساتھ نکلے گی، پاکستان کے مختلف حصوں میں ہم اپنا احتجاج ریکارڈ کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج جماعت اسلامی کی جانب سے وفد آیا ہے، ہم نے مختلف چیزوں پر گفتگو کی ہے، کوئی بھی ترمیم رات کے اندھیرے میں نہیں ہونی چاہئے، ہم عوام میں ایک ہی موقف لے کر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے غزہ کیلئے بہت کوشش کی اور کر رہی ہے، یہ پوری دنیا کا ایک مشترکہ مسئلہ ہے، ہم کوشش کریں گے کہ ہماری یہ ملاقاتیں جاری رہیں۔
Load/Hide Comments