ریگی میں کیمپ پر شیلنگ

پی ٹی ایم ریاست مخالف تنظیم قرار،پولیس کی ریگی میں کیمپ پرشیلنگ

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم )کو اداروں کیخلاف نفرت اور توہین آمیز رویے پر ریاست مخالف تنظیم قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کو تنظیم کی سرگرمیاں روکنے کی ہدایت کردی ۔
وزارت داخلہ کی ہدایات کے بعد منگل کی رات اور بدھ کے روز پشاور پولیس نے خیبر پولیس کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ریگی میں پشتون تحفظ موومنٹ کے کیمپ پر شیلنگ کرتے ہوئے ٹینٹوں کو آگ لگا دی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو یکم اکتوبر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ ایک تنظیم کے طور پر ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف نفرت اور توہین کو ہوا دینے اور فرقہ وارانہ اور نسلی جذبات کا استحصال کرتے ہوئے سرپرستی اور مدد کرنے میں ملوث پائی گئی ہے اس مقصد کے لیے لٹریچر، پرنٹ اور الیکٹرانک اور دیگر مواد کا بھی استعمال بھی کیا جا رہا ہے ۔
وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا کہ متعلقہ تنظیم کی جانب سے جاری یا مستقبل کی کوئی بھی سرگرمی عوامی امن کے لیے نقصان دہ ہے، ریاست کے اصولوں کے علاوہ پی ڈی ایم کی ایسی سرگرمیاں سخت ضابطے اور مداخلت کی متقاضی ہیں اور اس سلسلے میں کارروائی کی ہے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی شب پشاور اور خیبر کے سنگم پر پشتون تحفظ موومنٹ کی پشتون قومی جرگہ کیلئے لگائے گئے کیمپ پر پشاور پولیس نے دھاوا بول دیا کیمپ میں موجود افراد پر شیلنگ کی گئی جبکہ مقامی افرادنے پولیس پر پتھراؤبھی کیا ۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین کا امن جرگہ کی جگہ کا دورہ،انتظامات کا جائزہ لیا