سلامتی کونسل اجلاس میں ایران اسرائیل

سلامتی کونسل اجلاس میں ایران اسرائیل آمنے سامنے، پابندیوں کے مطالبے

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایران اسرائیل آمنے سامنے آ گئے، دونوں جانب سے ایک دوسرے پر پابندیوں کے مطالبے کئے جا نے لگے، اسرائیلی مندوب نے کہا کہ ایران کو حملے کے نتائج بھگتنے ہونگے، ایران کی جانب سے کہا گیا کہ سلامتی کونسل صیہونی جنگی جرائم رُکوائے۔
اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب نے کہا ہے کہ اسرائیل پر میزائل حملوں کی ایران کو بھاری قیمت چکانی ہوگی اور ایران کو ایسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جو اس کے تصور سے بھی باہر ہوں گے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں اسرائیلی مندوب نے کہا کہ ایران اپنے ہی عوام کا دشمن ہے، سلامتی کونسل ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرے۔
ایرانی مندوب کا سلامتی کونسل اجلاس میں کہنا تھا کہ اسرائیل خطے کو ناقابلِ بیان تباہی کے دہانے پر دھکیل رہا ہے، کشیدگی میں اضافہ روکنے کا واحد حل یہ ہے کہ اسرائیل غزہ اور لبنان میں جنگ بند کرے۔
ایرانی مندوب نے مزید کہا کہ اسرائیل کی گزشتہ دو ماہ سے جاری اشتعال انگیز کارروائیوں کے جواب اور خطے میں توازن سمیت ان کی روک تھام کے لیے ایران کے میزائل حملے ضروری تھے، اسرائیل کو ہر اشتعال انگیزی کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
اقسام متحدہ کی سلامتی کونسل اجلاس میں ایرانی مندوب نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل اسرائیل کے جنگی جرائم کو رُکوائے۔
یاد رہے ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد میزائل داغے جو اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے فائر کیے گئے۔

مزید پڑھیں:  بھارت کے ساتھ تعلقات سدھارنے کی ضرورت ہے،نواز شریف