ویب ڈیسک: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی کفن پر آخری کیل ٹھونک رہے ہیں،معصوموں کو مروانے کیلئے احتجاج کی کال دی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اقتدار کیلئے ایک جماعت گھنائونا کھیل کھیل رہی ہے ، ریڈ زون اس لئے آنا چاہتے ہیں کہ لڑائی ہو۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے لوگوں کو مروانے کیلئے احتجاج کی کال دی، عمران خان سب سے پہلے اپنے بیٹوں کو پاکستان لائے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان کو فکر ہے کہ معیشت کی کمر سیدھی ہوگئی ہے، بانی پی ٹی آئی آزادی اور غلامی سے نجات کی باتیں کررہے ہیں ، پہلے اپنے آپ کو ذہنی غلامی سے نجات دلائیں ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو اب لاشیں چاہیے، اسی کی منصوبہ بندی کررہی ہے،حکومت کی نالائقی ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی چیزوں کو ہائی لائٹ نہیں کررہی۔
فیصل واوڈا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گنڈاپور ایک پیادہ ہے اور اس کے پیچھے ایک کہانی ہے ، آپ کو سیاست کرنی ہے تو سیاست کریں ، بات کرو تومولاجٹ کی سیاست شروع ہوجاتی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ جب تک اوپر والا راضی ہے چیزیں چلتی رہیں گی، کوشش ہر بار رہتی ہے کہ نااہل کرکے گھسیٹ کر باہر کردیا جائے، اللہ کی مہربانی ہے ہر بار اہل ہوکر آجاتا ہوں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ملک میں استحکام آرہا ہے،پٹرول مزید سستا ہوگا، ڈالر کم ہوا ،آئی ایم ایف معاہدہ ہوا، انڈسٹری کو 9سینٹ کی بجلی ملے گی،شرح سود میں کمی ہوئی ہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ اگلے ہفتے پاکستان کیلئے پھر ایک بڑی خبر آرہی ہے، تحریک انصاف بھی کوشش کرتی رہی، اگر ایس آئی ایف سی کا کریڈٹ ہے تو کسی کی بات کیوں کروں، جو فوج کی اچھی چیزیں ہیں ان کو سراہنا چاہیے، جہاں ڈکٹیٹر شپ ہو وہاں غلامی قبول نہیں کرسکتا، میں ان میں سے نہیں جو 9مئی پر مذمت کرنے آگئے تھے۔
سینیٹر فیصل واوڈا کاکہنا تھا کہ بارڈرز پر میں یا آپ نہیں فوج کے جوان شہید ہورہے ہیں، آپ کہتے ہیں فوج آپ کیلئے قربانی بھی دے اور حکومت کے کام بھی کرے۔
انہوں نے کہا کہ آپ میرے خلاف کوئی کیس نکالیں کہ میں نے یا میرے باپ دادا نے گورنمنٹ سے کوئی پلاٹ لیا ہو، یہاں آپ کو ملک میں آگ لگانے ،گالم گلوچ کیلئے لایا جارہا ہے۔
Load/Hide Comments