ڈی چوک پہنچ کر رہیں گے

واپسی کاتصور بھی نہ کیاجائے، ڈی چوک پہنچ کر رہیں گے، گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ واپسی کاتصور بھی نہ کیاجائے، ہم ڈی چوک پہنچ کر رہیں گے، آپ لوگ مکمل تیاری کریں کیونکہ یہ ہمارے لیے فائنل راؤنڈ ہے.
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے وزرا اور ریجن صدور کے نام جاری پیغام میں‌کہا ہے کہ ہمیں جتنے دن بھی سڑک پر گزارنے پڑیں تو گزاریں گے.
انہوں نے مزید کہا کہ واپسی کاتصور بھی نہ کیاجائے، ہم ڈی چوک پہنچ کر رہیں گے، آپ لوگ مکمل تیاری کریں کیونکہ یہ ہمارے لیے فائنل راؤنڈ ہے.
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ان سے ابھی تک کسی نے احتجاج ملتوی کرنے کیلئے رابطہ نہیں کیا، میرا اختیار بانی چیئرمین کے پاس ہے وہ جو حکم دیں گے، اس پرعمل کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہرصورت ڈی چوک جائیں گے، اکیلا بھی رہ گیا، تب بھی جاؤں گا، ہمارا پر امن احتجاج ہے، تشدد کیا گیا تو ذمہ دار تشدد کرنے والے خود ہوں گے۔
اس سے پہلے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں پشاور اور خیبر کے پارٹی عہدیداروں، اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ہر صورت ڈی چوک پہنچنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ راستے میں کئی راتیں رکنا بھی پڑیں تو رکا جائے گا، کھانے پینے کی اشیا، کپڑے، ماسک اور شیلنگ سے بچنے کیلئے سامان بھی موجود ہوگا۔
دوسری طرف ڈی چوک احتجاج کیلئے قافلہ تیار، تمام تر امور نمٹا دیئے گئے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کیلئے تیار کنٹینر پشاور موٹروے ٹول پلازہ پر پہنچا دیا گیا۔
پارٹی ذرائع کیے مطابق پشاور کے تمام قافلے 12 بجے سے پہلے صوابی پہنچیں گے۔
اس کے ساتھ ہی پارٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلی خبیر پختونخوا علی امین گنڈاپور صوابی سے تمام قافلوں کی قیادت کریں گے۔ راستے کلئیر کرنے کے لئے بھاری مشینری قافلوں سے آگے ہوگی، تاکہ وقت کا ضیاع نہ ہو اور بروقت رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
ادھر کارکنان بھی پرجوش ہیں، اور تمام تر سختیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں. صوابی انٹرچینج کے قریب رکاوٹیں ہٹانے کیلئے مشینری پہنچ گئی، جبکہ قافلوں کے لئے استقبالیہ کیمپس لگا دیا گیا ہے.
ادھر ‏پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک احتجاج کے باعث اسلام آباد کا ریڈ زون مکمل سیل کر دیا گیا ہے، وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں.

مزید پڑھیں:  خالد خٹک کو نیکٹا کا سربراہ مقرر کردیا گیا