اداکارہ سارہ خان نے اپنے ’’رونے‘‘ کا راز بتادیا

پاکستان کی باصلاحیت اداکارہ سارہ خان نے اپنے مختلف ڈراموں میں رونے والے کرداروں پر بات کرتے ہوئے ایک بڑا راز فاش کیا ہے۔
سارہ خان ایک بہترین پاکستانی اداکارہ ہیں جو اپنے ڈراموں ’’ممکن‘‘، ’’لاپتا‘‘، ’’میرے بے وفا‘‘، ’’تمہارے ہیں‘‘، ’’ہم تم‘‘، ’’رقص بسمل‘‘، ’’نمک حرام‘‘ اور ’’سبط‘‘ کےلیے جانی جاتی ہیں۔ سارہ خان اکثر ڈراموں میں ایسے کرداروں میں نظر آتی ہیں جن میں رونا پڑتا ہے۔
حال ہی میں سارہ خان نے برطانیہ میں ایک تقریب کے دوران ڈراموں میں اپنے رونے والے سین سے متعلق بات کی۔ ڈراموں میں رونے کے مناظر فلمانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سارہ خان نے کہا کہ میں زیادہ تر اداس کردار ادا کرتی ہوں لیکن مناظر کے دوران رو نہیں سکتی۔ میں دکھی مناظر میں بھی بمشکل ہی رو پاتی ہوں۔
سارہ خان نے بتایا کہ ہدایت کار اکثر مجھ سے کہتے ہیں، ’اپنے ساتھ ہونے والے کسی غمگین واقعے کے بارے میں سوچیں اور اس سے خود کو جوڑنے کے بعد روئیں‘، لیکن میں رو نہیں سکتی، اور ان کو میرا جواب ہوتا ہے، ’’میری زندگی میں بہت سے افسوسناک واقعات رونما ہوئے ہیں لیکن مجھے رونا اچھا نہیں لگتا۔‘‘
سارہ خان نے انکشاف کیا کہ ڈراموں میں رونے کی بہترین اداکاری والے مناظر میں انھوں نے ہمیشہ مصنوعی حربے استعمال کیے ہیں۔ کیونکہ میرے لیے رونا بہت مشکل ہے۔
سارہ خان نے فلک شبیر کے ساتھ شادی کی ہے اور ان کی ایک بیٹی الیانا ہے۔ سارہ اس وقت برطانیہ میں ہیں جہاں وہ فلسطینیوں کےلیے فنڈ ریزنگ کی متعدد تقریبات میں شرکت کرتی رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستانی اداکارہ نرگس پر شوہر کا مبینہ تشدد، حالت غیر