سیاسی اختلافات اپنی جگہ

سیاسی اختلافات اپنی جگہ، صوبے کا امن اور عوام کی خوشحالی ترجیحات ہیں، گورنر

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گرینڈ جرگہ سے اپنے خطاب میں خہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن صوبے کا امن اور عوام کی خوشحالی ترجیحات ہیں، اور آج کے جرگہ کا اکلوتا ایجنڈا بھی یہی ہے۔
انہوں نے وزیر اعلی ہاؤس میں منعقدہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس جرگہ کے انعقاد پر جہاں صوبائی حکومت کا میں شکر گزار ہوں وہیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا اور صوبائی اسمبلی کے ممبران کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے اس جرگہ کاانعقاد کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہمارے سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن صوبے کا امن اور عوام کی خوشحالی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس خطہ میں افغانستان کا مسئلہ ہمارے سامنے ہے، جہاں عالمی برادری مزاکرات سے مسئلہ کے حل پر متفق ہوئی، کل خیبر میں افسوسناک واقعہ ہوا ہمارے پاس وقت کم ہے ہم نے، سب کو مذاکرات پر آمادہ کرنا اور مسئلہ کا حل نکالنا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو لوگ اس ملک کے آئین اور قانون کو تسلیم کرتے ہیں ان سے مزاکرات کرنے چاہییں، کچھ مطالبات صوبائی حکومت سے ہونگے، کچھ وفاقی حکومت سے ہونگے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہاں وزیر اعلی بھی بیٹھے ہیں، وزیر داخلہ بھی اور سیاسی قیادت بھی موجود ہے، ہمیں آج اس مسئلہ کا حل نکالنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ امن کی صورتحال ابتر ہے، صوبہ کے متعدد علاقے آج بھی نوگو ایریاز ہیں، ہم سب کو متحد ہو کر اس صوبہ کو امن دینا ہوگا۔

مزید پڑھیں:  مالاکنڈ میں راستے کے تنازعہ پر مسلح تصادم، 5 افراد جاں بحق