آرٹیکل 63اے نظرثانی کیس

63اے نظرثانی کیس میں جلد بازی کا الزام بے بنیاد ہے،تفصیلی فیصلہ

ویب ڈیسک: آرٹیکل 63 اے نظرثانی کیس میں جلد بازی کا الزام بے بنیاد ہے ، سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ۔
سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63اے نظر ثانی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا،فیصلہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی نے تحریر کیا ہے جو کہ 23 صفحات پر مشتمل ہے۔
سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63اے کے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس عمر عطابندیال نے پورے دور میں نظر ثانی سماعت کیلئے مقرر نہیں کی۔
فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ صدارتی ریفرنس عارف علوی نے سپریم کورٹ بھیجا تھا، صدارتی ریفرنس میں کابینہ سے منظوری یا وزیراعظم کی ایڈوائز کا کوئی حوالہ منسلک نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ نے ایک آئینی درخواست کی سماعت کے دوران سابق اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کا بیان ریکارڈ کیا۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ سابق اٹارنی جنرل نے کہا ہم آرٹیکل 63اے کے بارے میں ایک ریفرنس لا رہے ہیں، سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے حکم نامے میں لکھوایا ریفرنس اور آئینی درخواست کو یکجا کیا جائے، اسلام آباد کے شہری نے دو روز قبل سینیٹر فیصل ابڑو کے خلاف درخواست دی تھی، شہری کی درخواست پر سینیٹ سیکرٹریٹ نے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بجھوایا، حیران کن طور پر صدر مملکت اس وقت بیچ میں آئے میں جب وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے پر سیاسی جھگڑا چل رہا تھا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ جسٹس منیب اختر ریگولر مقدمات کیلئے دستیاب تھے لیکن نظر ثانی بنچ میں شامل نہیں ہوئے، 27ماہ بعد نظر ثانی سماعت کیلئے مقرر ہوئی، معاملے پر جلد بازی کا الزام مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔
تفصیلی فیصلے کے مطابق سابق چیف جسٹس عمر عطابندیال نے پورے دور میں نظر ثانی سماعت کیلئے مقرر نہیں کی، جسٹس منیب اختر نے بھی سابق چیف جسٹس عمر عطابندیال کو نظر ثانی سماعت کیلئے مقرر کرنے کی یاد دہانی نہیں کرائی۔

مزید پڑھیں:  مزید قانون سازی پارلیمنٹ کی توہین ہے، مولانا فضل الرحمن