ویب ڈیسک: کراچی ایئرپورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے کے حوالے سے سی ٹی ڈی کی جانب سے ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، سی ٹی ڈی رپورٹ میں کراچی ایئرپورٹ دھماکہ پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دیدی گئی۔ خودکش دھماکہ میں 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔
کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کراچی دھماکے کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کردی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خودکش دھماکے میں بلوچستان لبریشن آرمی کو ملوث قرار دیا گیا، دہشت گردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکہ کیا۔
سی ٹی ڈی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نامعلوم دہشت گرد نے اس واقعے میں اپنی گاڑی کو چائنیز باشندوں کے کانوائے کی گاڑیوں کے قریب لاکر بلاسٹ کیا۔ اس واقعہ میں 2 چینی باسندوں سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے، دھماکہ آؤٹر ٹرمینل جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے ہوا۔
سی ٹی ڈی نے اپنی رپورٹ میں کراچی ایئرپورٹ دھماکہ پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھماکے کی آواز سن کر پولیس موقع پر پہنچی اور دیکھا کہ پولیس، رینجرز و دیگر افراد زخمی حالت میں موجود تھے، دھماکے میں دو چینی باشندے لی جون اور سن ہوازین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ قتل، اقدام قتل، حملہ، دھماکہ خیز مواد ، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جبکہ دوسری طرف کرادی ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کرلی ہے۔ دھماکے میں 15 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں۔
Load/Hide Comments