صوبے کا نام پختونخوا رکھنے کی

خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کا نام پختونخوا رکھنے کی تجویز پیش

ویب ڈیسک: 26ویں آئینی ترمیم پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کا نام پختونخوا رکھنے کی تجویز پیش کی گئی۔ بند کمرہ اجلاس میں خیبر پختونخوا کا نام تبدیل کر کے صرف پختونخوا رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ کے نام میں ترمیم کی تجویز عوامی نیشنل پارٹی نے پیش کی۔
اس تجویز کی ابھی تک کسی بھی پارٹی نے مخالفت نہیں کی۔ کمیٹی میں آئینی مسودہ پر مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آئینی ترامیم کمیٹی کی سب کمیٹی دو روز میں حتمی رپورٹ کمیٹی میں پیش کرے گی، ذیلی کمیٹی دو دن میں حتمی مجوزہ ڈرافٹ تیار کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اپنی ترامیم کا ڈرافٹ جے یو آئی سے شیئر کرے گی۔ چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر قانون تمام جماعتوں سے مشاورت مکمل کر کے مسودے کو حتمی شکل دیں۔ کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، راجہ ناصر عباس اور صاحبزادہ حامد رضا نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ فاروق ستار، اعجاز الحق، ایمل ولی خان، شیری رحمان، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، خالد مگسی، سینیٹر جان محمد بھی اجلاس میں شریک تھے۔ تحریک انصاف کے علی ظفر بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔ 26ویں آئینی ترمیم پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کا نام پختونخوا رکھنے کی تجویز پیش کی گئی۔ اس سے قبل کئی بار کوشش کی گئی کہ صوبے کا نام تبدیل کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  صیہونیوں کی جنوبی لبنان پر بمباری، مزید 30 شہری شہید، متعدد زخمی