ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم کے مجوزہ مسودے کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وزیر قانون و انصاف نے آئینی ترمیم پر دوبارہ تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی کابینہ نے حکومتی اتحادی جماعتوں بشمول پاکستان پیپلز پارٹی کا 26ویں آئینی ترمیم کا مجوزہ مسودہ منظور کر لیا۔
وزیرِ اعظم نے مسودے کی منظوری پر اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ملکی حالات کی بہتری کے لیے کابینہ نے بہترین فیصلہ کیا، پوری قوم کو 26 ویں آئینی ترمیم کی کابینہ سے منظوری پر مبارکباد دیتا ہوں۔
پرائم منسٹر آفس سے جاری بیان میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ کابینہ نے ملکی ترقی اور عوامی فلاح کے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے ملکی وسیع تر مفاد میں فیصلہ کیا، اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت کے استحکام کے بعد ملک کے آئینی استحکام اور قانون کی حکمرانی کے لیے ایک سنگ میل عبور ہوا۔ عوام سے کیے گئے اپنے وعدے کے مطابق ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے محنت جاری رکھیں گے۔
وزیرِ اعظم نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِداخلہ محسن رضا نقوی، مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثنا اللہ اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی کوششوں کو سراہا۔
اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت نے اپنا مسودہ منظور کر لیا ہے، کابینہ نے اس مسودے کی منظوری دی جو پیپلزپارٹی، حکومت اور اتحادی جماعتوں نے مل کر بنایا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی جس میں آئینی ترمیم پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور صدر کو اعتماد میں لیا گیا۔
Load/Hide Comments