انصاف کو سیاسی ایجنڈے کے تابع

انصاف کو سیاسی ایجنڈے کے تابع کرنا آئین سے غداری ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے عدلیہ میں سیاسی مداخلت کا راستہ ہموار ہواہے، تاہم اس کے خلاف پختونخوا حکومت قانونی چارہ جوئی کریگی۔ انصاف کو سیاسی ایجنڈے کے تابع کرنا آئین سے غداری ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ سینٹ میں خیبر پختون خوا کی نمائندگی کے بغیر غیر آئینی ترمیم پاس کی گئی، ایک بڑے صوبے کی نمائندگی کے بغیر ترمیم کرنا سب سے بڑا سوالیہ نشان ہے، اب اس ائینی معمے کا حل متنازعہ ترمیم کے نتیجے میں بنائے گئے آئینی بنچز کے پاس بھی نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نامکمل پارلیمان سے ترمیم پاس کرنا ایک ایسا عجوبہ ہے جو کسی کو سمجھ نہیں آرہا، خیبر پختون خوا حکومت اس کی نہ صرف پر زور مذمت کرتی ہے، بلکہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کریگی، اس آئینی ترمیم سے عدلیہ میں سیاسی مداخلت کا راستہ ہموار ہوا ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کو سیاسی حکومت تعینات کرے تو انصاف کا جنازہ نکلنا لازمی ہے، اس آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ میں فیصلے عوام کی بجائے سیاسی مفادات کی بنیاد پر ہوا کریں گے، انصاف کو سیاسی ایجنڈے کے تابع کرنا آئین سے غداری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی پالیسی کے برعکس آئینی ترمیم میں ووٹ دینے والوں کی نشاندھی کی جا رہی ہے، عوام اور پارٹی دونوں ان لوٹوں کا حساب لیں گے، اور ضمیر فروشوں کو نشان عبرت بنائیں گے۔

مزید پڑھیں:  اگلے سال حج پیکیج 10 لاکھ 75 ہزار ہوگا، وفاقی کابینہ نے حج پالیسی منظور