علی امین گنڈا پور کی حفاظتی ضمانت

پشاور ہائیکورٹ: وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی حفاظتی ضمانت منظور

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی دو ہفتوں کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی ۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے وزیراعلیٰ کو دو ہفتوں تک کسی بھی مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے 14دن میں مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا نے عدالت میں کہا کہ میرے خلاف پنجاب کے مختلف اضلاع میں مقدمات درج کئے گئے، جس پر جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو ہر کسی کا حق ہے کہ ان کو مقدمات کی تفصیل فراہم کی جائے۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کے مقدمات کی تفصیل دیں گے جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ پنجاب سے تفصیل نہیں مانگ سکتے، وفاقی حکومت سے مانگ سکتے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست پر سماعت 14 نومبر تک ملتوی کر دی۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائرکی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار صوبے کا وزیراعلیٰ ہے اور ان کے خلاف اسلام آباد اور پنجاب میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف مقدمات درج ہیں لیکن ان کی تفصیلات ہمارے پاس موجود نہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔

مزید پڑھیں:  عمران خان کا جلد مارچ کی تاریخ دینے کا اعلان