غزہ کے ہسپتالوں میں کفن ختم

فلسطینیوں کی نسل کشی جاری،شمالی غزہ کےہسپتالوں میں کفن ختم ہوگئے

ویب ڈیسک: اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے باعث شمالی غزہ کے ہسپتالوں میں کفن ختم ہو گئے ہیں ۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے زیر محاصرہ شمالی غزہ میں فلسطینیوں کی نشل کشی کا سلسلہ تھم نہ سکا ،غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر منیر البرش جو اس وقت شمالی غزہ میں موجود ہیں کا کہنا ہے کہ ہماری آنکھوں کے سامنے کئی زخمی شہید ہوگئے اور ہم ان کے لیے کچھ بھی نہ کرسکے۔
ان کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری بدترین نسل کشی کے باعث ہسپتالوں میں کفن ختم ہوچکے ہیں اور ہم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں موجود کپڑے عطیہ کریں۔
فلسطینی حکام اور سول سروسز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے درجنوں افراد کی لاشیں سڑکوں پر بکھری ہوئی ہیں یا عمارتوں کے ملبے میں دبی ہوئی ہیں تاہم مسلسل بمباری کے باعث ان تک پہنچنا مشکل ہورہا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج شمالی غزہ میں 18 روز سے جاری محاصرے کے دوران 640 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہے۔
اس حوالے سے گزشتہ روز فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پوری دنیا کے سامنے شمالی غزہ میں نسل کشی جاری ہے۔

مزید پڑھیں:  سموگ پر قابو پانے میں چند سال لگیں گے، مریم نواز