ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کی آپریشنل بیس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کثیر الملکی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو نے آرمی چیف کا استقبال کیا، اس موقع پر بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی مشق خطہ کی کثیر ممالک مشق ہے جس میں 24 ممالک کی فضائیہ حصہ لیتی ہے ، مشق کا ماٹیو سٹرونگر وین ٹوگیدر ہے، کثیر الملکی مشق کا مقصد جدید سہولتوں کے ذریعہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور تربیت کو بہتر بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور مختلف جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ، آرمی چیف نے مشق آپریشنز، پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آپریشنل کامیابی کیلئے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
سربراہ فضائیہ نے دورہ کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کے دورے سے بری اور فضائی افواج میں تعاون ،تربیت اور آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ فضائیہ نے پاک فضائیہ کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے پر بریفنگ دی ۔
Load/Hide Comments