قیدی وینز پر حملہ کیا

تحریک انتشار کے کارکنان نے قیدی وینز پر حملہ کیا ،عطاء تارڑ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انتشار کے کارکنان نے سوچی سمجھی سازش کے تحت قیدی وینز پر حملہ کیا ۔
سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی گاڑیوں پر حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ حملہ کرنے والوں میں ملوث پی ٹی آئی کے ایم پی اے کے بیٹے سمیت چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزموں کو فرار کروانے کی کوشش ناکام کی گئی مگر پولیس نے بہادری اور دلیری کے ساتھ مقابلہ کیا اور 18 ملزمان کے فرار کی کوشش ناکام بنادی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہناتھا کہ تحریک انتشار کے کارکنان نے یہ حملہ اس وقت کیا جب ملزمان کو اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا، پولیس وینز پر حملہ سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ کرنے والے خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کے ایم پی اے لیاقت کے صاحبزادے سمیت پانچ چار افراد کو گرفتار کر کے دو گاڑیاں اور دو پستول قبضے میں لے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار کی ایک تاریخ رہی ہے، 9 مئی کو فوج پر حملہ اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، پی ٹی وی پر انہوں نے حملہ کیا، پارلیمنٹ پر دھاوا بولا اور قبریں بھی کھودی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات کے حملے سے متعلق ردعمل کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ انہیں سنگین جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے، فلمی انداز سے سب کچھ بیان کر کے مکر اور فریب کرنے والوں نے جھوٹ بولا۔
انہوں نے بتایا کہ فرار ہونے والے 18 قیدیوں کو دوبارہ حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ گرفتار افراد کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جارہا ہے اور باقی گاڑیوں و ملزمان کا تعاقب بھی کیا جارہا ہے جبکہ باقی افراد کی شناخت بھی ہوچکی ہے
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ ٹول پلازے کی ساری سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، پی ٹی آئی کے ترجمان کو اتنا بڑا جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے، جھوٹ، مکر اور فریب کے علاوہ ان کا دوسرا کوئی کام نہیں ہے، جرائم پیشہ افراد اور گینگ کی طرح قیدیوں کی وین پر حملہ کر کے ملزمان کو فرار کروایا گیا۔

مزید پڑھیں:  پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج 2بجے طلب، ایجنڈا جاری