پاکستان کو اے ڈی بی

پاکستان کو اے ڈی بی سے 2ارب 75کروڑ ڈالرز ملنے کا امکان

ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی فنڈ سے 7 ارب ڈالرز کا قرض پروگرام ملنے کے بعد پاکستان کو اے ڈی بی کی جانب سے 2ارب 75کروڑ ڈالرز ملنے کا امکان بھی پیدا ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے پاکستان کو 7 ارب ڈالرز کا نیا قرض پروگرام ملنے کے بعد دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے بھی فنڈز کی راہ ہموار ہوگئی۔ پاکستان کو 4 سالوں کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے بجٹ سپورٹ کی مد میں 2ارب 75کروڑ ڈالرز ملنے کا امکان ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کو رواں مالی سال ایشیائی ترقیاتی بینک سے 80 کروڑ ڈالرز بجٹ سپورٹ کی مد میں ملنے کا امکان ہے، جبکہ اگلے تین مالی سال کے دوران پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے سالانہ 65 کروڑ ڈالرز بجٹ سپورٹ ملنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 26-2025ء سے لے کر مالی سال 28-2027ء تک پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے ہر سال 65 کروڑ ڈالرز بجٹ سپورٹ میں ملنے کی توقع ہے۔ اس حساب سے دیکھا جائے تو پاکستان کو اے ڈی بی کی جانب سے 2ارب 75کروڑ ڈالرز ملنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے نئے قرض پروگرام کے بعد دیگر عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس سے آنے والے سالوں میں پاکستان کو بہتر فنانسنگ ملنے کے امکانات روشن ہیں۔

مزید پڑھیں:  سٹاک ایکسچینج میں تاریخ رقم ،100انڈیکس میں 500سے زائد پوائنٹس کا اضافہ