فرد جرم عائد نہ ہو سکی

عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی

ویب ڈیسک: توشہ خانہ کیس ٹو میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ اس موقع پر ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ضمانت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ ملزم ٹرائل کیلئے عدالت پیش نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر بشریٰ بی بی کے دستخط بھی موجود نہیں، عدالت نے آج کی تاریخ فرد جرم عائد کرنے کے لیے مقرر کی تھی، توشہ خانہ کیس ٹو کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلایا جائے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضر ہونے کا نوٹس جاری کر دیا۔ دوسری طرف بانی پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ کیس ٹو میں وکیل مقرر کرنے کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا، عمران خان کی جانب سے مشاورت کے لیے چار وکلاء کے نام بھی عدالت کو دیئے گئے جن میں بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سلمان صفدر شامل ہیں۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو وکلاء سے مشاورت کے لیے 31 اکتوبر کا وقت دے دیا۔ عدالت نے جیل انتظامیہ کو وکلاء کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو دن تین بجے ایک گھنٹے کی ملاقات کرائی جائے، وکلاء مقرر کرنے کے لیے یہ آخری موقع دیا جا رہا ہے، آئندہ سماعت پر اگر وکیل مقرر نہ کیے گئے تو عدالت سرکاری وکیل مقرر کر دے گی۔
بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کیخلاف توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی۔ یا درہے کہ توشہ خانہ کیس ٹو میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔

مزید پڑھیں:  قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی،شاہدخٹک اورعطاءتارڑمیں لڑائی