ویب ڈیسک: ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے تاحال امریکہ کو قائل نہیں کر سکے ہیں ۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے امریکی قیادت کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی معافی کے لیے قائل کرنے کی کوششیں کیں مگر کامیابی نہیں مل سکی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈاکٹر عافیہ کی معافی کے لیے خط بھی لکھا تھا، اب تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو امریکی پارلیمنٹیرین سے ملاقاتیں کرے گی تاکہ معافی، رہائی اور انہیں پاکستان واپس بھیجنے کے لیے لابنگ کی جا سکے۔
نائب وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو پاکستان کے لیے چین کاشاندار تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس منصوبے کو مزید ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ زراعت، صنعتی ترقی، قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جا سکے۔
وزیر خارجہ اسحق ڈار نے بین الاقوامی کانفرنس "چین 75: ترقی، تبدیلی اور عالمی قیادت کا سفر” میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا کر لوڈشیڈنگ کے مسائل پر قابو پانے میں مدد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چین کی جانب سے زرعی ٹیکنالوجی کی تربیت کے لیے 1000 پاکستانی طلبا کو چین بھیجنے کی پیشکش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل میں چین کے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ون چائنا پالیسی کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
Load/Hide Comments