نشے سے پاک پشاور مہم

نشے سے پاک پشاور مہم کا تیسرا مرحلہ 7 نومبر سے شروع ہوگا

ویب ڈیسک: نشے سے پاک پشاور مہم کا تیسرا مرحلہ 7 نومبر سے شروع ہوگا، سڑکوں پر موجود نشے کے عادی افراد کیخلاف کریک ڈاون کیا جائَے گا۔
تفصیلات کے مطابق منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے سلسلے میں شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ریاض خان محسود نے کہا کہ نشے سے پاک پشاور مہم کے تیسرے مرحلے کا آغاز 7 نومبر سے کیا جائے گا۔
مہم کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 14 نومبر تک جاری وہنے والے 7 روزہ مہم کے دوران پشاور کی سڑکوں پر موجود 2 ہزار سے زائد نشے کے عادی افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کر کے انہیں تحویل میں لے کر بحالی مراکز منتقل کیا جائے گا۔ مہم کے 7 دن مکمل ہونے کے بعد 15 نومبر کو پشاور میں نشے کا عادی کوئی فرد نظر نہیں آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مہم کا افتتاح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور 7 نومبر کو پشاور یونیورسٹی میں آگاہی کے سلسلے میں آخری منعقدہ میگا ایونٹ کے اختتام پر کریں گے۔ میگا ایونٹ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے سلسلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کریں گے۔
نشے سے پاک پشاور مہم دنیا کی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جس میں اتنی بڑی تعداد میں نشے کے عادی افراد کا علاج کیا جائے گا۔ پہلے دو مرحلوں میں 24 سو کے قریب نشے کے عادی افراد کا کامیابی سے علاج کیا گیا، اور اب وہ اپنی نارمل زندگی گزار رہے ہیں۔
تقریب میں یونیورسٹی طالبات کی جانب سے آگاہی پر مبنی خاکے، ٹیبلوز پیش کئے گئے جبکہ معروف ڈاکٹر ماہر منشیات و نفسیات ڈاکٹر علی مفتی نے منشیات کے نقصانات اور بچاؤ سے متعلق خصوصی لیکچر دیا۔
تقریب کے دیگر مقررین نے بھی صوبائی حکومت کی جانب سے خصوصی مہم شروع کرنے اور کامیاب آگاہی ہفتہ منانے پر کمشنر پشاور ڈویژن کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کئے گئے۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ، ہزارہ ایکسپریس وے کے قریب ایکسیڈنٹ، پولیس اہلکار شہید