ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی راج کماری بتائیں دہشت گردی بڑا مسئلہ ہے یا سموگ؟۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سموگ کے حوالے سے بھارت سے رابطے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور دہشتگردی روکنے کیلئے افغانستان سے رابطہ کرنے کی بات کریں تو غدار، جعلی پنجاب حکومت کی راج کماری مریم نواز سموگ پر بھارت سے رابطہ کریں تو ڈپلومیسی۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ سموگ سے انسانی صحت جبکہ دہشت گردی سے انسانی جانوں کو خطرہ ہے، چچا کی حکومت میں بھتیجی کیلئے سب کچھ حب الوطنی جبکہ دیگر صوبوں کے لئے غداری ہے۔
ان کا کہنا تھا سموگ پر ڈپلومیسی کرنے پراعتراض نہیں، جعلی حکومت کے دوغلا پن پر اعتراض ہے، کہتے ہیں کہ عشق اور مشک چھپائے نہیں چھپتے، بھارت سے شریف خاندان کی پرانی محبت ہے جو چھپ نہیں سکتی، شریف خاندان کی شادیوں میں نریندر مودی کو دعوتیں دی جاتی ہے، جے شنکر آنے پر شریف خاندان بھنگڑے ڈال رہے تھے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ میں نے مثبت بات کی تو ایسا واویلا کیا جیسے پاکستان بھارت کے ہاتھوں بیچ دیا، شریف خاندان کے دوغلے پن کی کوئی حد نہیں ہے۔
Load/Hide Comments