خیبرپختونخوا حکومت کا پی آئی اے

خیبرپختونخوا حکومت کا پی آئی اے نجکاری میں دلچسپی کا اظہار

ویب ڈیسک: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجکاری کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کوششیں جاری ہیں، تاہم اب خیبرپختونخوا حکومت کا پی آئی اے نجکاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر خیبرپختونخوا حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے عمل میں باضابطہ طور پر دلچسپی کا اظہار کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں قومی ایئرلائن نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا، یہ ہمارے وقار اور قومی فخر کی علامت ہے، جسے موجودہ پی ڈی ایم حکومت کی نااہلی اور غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں نے تباہی کے دہانے لا کھڑا کر دیا ہے۔ دوسری طرف ان پارٹیوں کے ذاتی کاروبار دن دگنی، رات چگنی ترقی کر رہے ہیں۔
وفاق پی آئی اے کو سستے داموں اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے خریدنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، جس کے ساتھ بھاری کمیشن کا عنصر بھی شامل ہے۔ اس گرما گرمی کے دوران خیبرپختونخوا حکومت کا پی آئی اے نجکاری میں دلچسپی کا اظہار تازہ ہوا کا جھونکا شمار ہونا چاہئے۔
خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ اس قومی اثاثے کو 10 ارب روپے کی موجودہ بولی سے بھی زیادہ قیمت پر خریدنے کے لیے تیار ہے، یہاں صوبائی حکومت نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ قومی ایئرلائن کو اپنے پیروں پر کھڑا کر کے اسے دنیا کی بہترین ایئرلائنز میں دوبارہ شامل کیا جا سکے۔ خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبے کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے پی آئی اے کو خریدنے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ قومی اثاثہ محفوظ رکھا جا سکے۔
صوبائی حکومت کے اقدام کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ ایئرلائن حکومت پاکستان کے کنٹرول میں رہے۔ خیبرپختونخوا حکومت اس اہم قومی اثاثے کے تحفظ اور اس کے وقار کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔
خیبرپختونخوا انویسٹمنٹ بورڈ نے وفاقی وزیر نجکاری کو اس حوالے سے خط لکھ دیا ہے، جس میں‌پی آئی اے نجکاری کی بولی میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ پی آئی اے قومی ائیرلائن ہے اور اس کے اثاثے قوم کیلئے اہمیت رکھتے ہیں۔ پی آئی اے کی اہمیت کے پیش نظر وزیراعلیٰ کے پی کی ہدایت پر خط لکھا جارہا ہے اور خیبرپحتونخوا حکومت بلیو ورلڈ کنسورشیم کی 10 ارب کی بولی سے زیادہ کی بولی دینے کیلئے تیار ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط میں‌اس امید کا اطہار کیا گیا ہے کہ ہمیں جلد موقع دیاجائے گا تاکہ اپنی تجاویز کیساتھ آپ کی ٹیم سے مل سکیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اےکی خریداری کے لیے واحد بولی دہندہ کمپنی نے رقم میں اضافے سے انکار کردیا تھا، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی کم از کم قیمت 85 ارب 3 کروڑ روپے رکھی تھی جبکہ بولی دہندہ کمپنی نے 50 فیصد حصص خریدنے کے لیے 10 ارب روپے کی بولی لگائی تھی۔

مزید پڑھیں:  اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے قرارداد منظور