ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ صوبائی معاملات چلانے کے اہل نہیں، خیبر پختونخوا میں غیر سنجیدہ حکومت ہے، وہ کبھی بھاگتے تو کبھی چھپتے ہیں، کتنی دیر تک یہ کرتب چلتا رہے گا؟
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ صحت، تعلیم، اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے کیا اصلاحات کیں؟ اس حوالے سے وضاحت کی جانی چاہئے تاکہ عوام جان سکیں کہ ان کے لئے وزیراعلیٰ کے کیا اقدامات ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائَے گئَے اقدامات نظر نہیں آ رہے؟ وہ وقت دور نہیں جب عوام ان کا گریبان پکڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے طالبان کو واپس لا کر انہیں یہاں بسایا، امن و امان اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر ان کی کوئی توجہ نہیں ہے، خیبر پختونخوا میں سویلین اور فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ صوبائی معاملات چلانے کے اہل نہیں ، خیبرپختونخوا کے عوام کو ان کے حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔
عطا تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے وزیراعظم کی بھرپور توجہ ہے، دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی واقعات میں وقت کے ساتھ ساتھ کمی واقع ہوتی جائے گی، دہشت گردی کے خاتمے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔
Load/Hide Comments