خیبرپختونخوا اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے

خیبرپختونخوا اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے، بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے، وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا ایک بار پھر دیگر صوبوں پر سبقت لے گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں صنعتی انقلاب برپا کرنے کے لیے اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور یہ اقدام کر کے خیبر پختونخوا دیگر صوبوں سے ایک قدم آگے نکل گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں ایک نجی کمپنی سے باقاعدہ معاہدہ کر لیا ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ 8 ارب روپے کی لاگت سے اس انقلابی منصوبے کو ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائے گا، خیبرپختونخوا اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے اقدام سے صنعتوں کو انتہائی سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ اس کے پہلے مرحلے میں ضلع سوات کے علاقوں مٹلتان سے مدین تک 40 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 7 ارب روپے آمدن ہوگی، ضلع سوات میں پیدا ہونے والی بجلی مقامی صنعتوں اور نیشنل گرڈ سٹیشن کو فراہم کی جائے گی، یہ بھی ان کا فائدہ اور بچت ہوگی۔ ادھر منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبے میں انقلاب آئے گا۔

مزید پڑھیں:  پشاور، یکم جنوری سے لائف انشورنس سیکم شروع کرنے کا فیصلہ