ویب ڈیسک: وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے انصاف ڈاکٹر فورم کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ ۔ صحت کارڈ سے علاج معالجہ کی سہولیات میں بہتری آئی ہے، اب صحت کارڈ سکیم میں لائف انشورنس کو بھی شامل کیا جا رہا ہے، جس کے بہترین ثمرات برآمد ہونگے۔
صحت کے شعبے میں اصلاحات، ہسپتالوں میں ہیلتھ کئیر سروس ڈیلیوری کی بہتری اور ڈاکٹروں کے مسائل پر تبادلہ خیال کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت کا شعبہ موجودہ صوبائی حکومت کی چند ترجیحاتی شعبوں میں سے ایک ہے، لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے کے لئے نچلی سطح کے مراکز صحت کو مستحکم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں دستیاب طبی آلات اور دیگر وسائل کے بہتر اور نتیجہ خیز استعمال کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، اس دوران ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سرکاری ہسپتالوں کو صحت کارڈ میں شامل کیا جائے، اس سلسلے میں کوششیں کر رہے ہیں۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے انصاف ڈاکٹرز فورم سے بات چیت کے دوران کہا کہ صحت کارڈ سکیم کو مزید بہتر بنانے کے لئے اصلاحات کر رہے ہیں، اور اس سکیم میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے اور اس کے غلط استعمال کے تدارک کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے ان اقدامات سے صحت کارڈ کے تحت علاج معالجے کے عمل میں کافی بہتری آئی ہے، اب صحت کارڈ سکیم میں لائف انشورنس کو بھی شامل کیا جارہا ہے، یہ سکیم سماجی تحفظ کا ایک منفرد منصوبہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت اپنی انشورنس کمپنی کا قیام بھی عمل میں لا رہی ہے، صوبے میں پہلی دفعہ بون میرو اور لیور ٹرانسپلانٹ کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں، ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری کے لئے ڈاکٹر کمیونٹی کی مشاورت سے اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہسپتالوں کے ایمرجنسی اور آئی سی یو سروسز کو اینٹگریٹڈ کرنے سمیت دیگر اصلاحات کے لئے ڈاکٹرز محکمہ صحت کے ساتھ مل کر قابل عمل تجاویز پیش کریں۔
Load/Hide Comments