بشریٰ بی بی پہلے بھی سیاست

بشریٰ بی بی پہلے بھی سیاست کرتی تھیں، یہاں بھی کررہی ہیں، فیصل کریم

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی پہلے بھی سیاست کرتی تھیں، یہاں بھی کررہی ہیں، سب کو معلوم ہے۔ اگر بشریٰ بی بی کو عدالت سے ریلیف ملا ہے تو پھر احتجاج کی کیا ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صرف احتجاج، جلسے اور ناچ گانا کرنے میں مصروف ہے، جلسے جلوس سے کسی کو آزادی نہیں مل سکتی، پی ٹی آئی شاید سنجیدہ نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پی آئی اے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، وفاق ہی بتا سکتا ہے کہ کیا کے پی حکومت اس پر سنجیدہ ہے یا نہیں، اگر سچ میں صوبائی حکومت پی آئی اے لینا چاہتی ہے تو اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کے ساتھ کئی بار صوبے کے حقوق کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان بحال کرنے میں صوبائی حکومت ناکام ہو چکی ہے، میں نے وزیراعظم کو امن وامان کے لیے خط لکھا ہے لیکن یہ صوبائی حکومت کا کام ہے۔
گورنر فیصل کریم نے مزید کہا کہ یہاں تو صوبائی حکومت اداروں کے خلاف قرار دادیں پاس کر رہی ہے، روز لوگ شہید ہورہے ہیں، تو کیا صوبائی حکومت کچھ کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت اسی میں مصروف ہے کہ احتجاج، جلوس اور ناچ گانا کرنا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعلیٰ جب غائب تھے تو پی ٹی آئی والے کہہ رہے تھے کہ گرفتار ہوئے ہیں لیکن وزیراعلیٰ تو خود ساختہ طور پر غائب ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا یونیورسٹیز ترمیمی بل2024 منظور، وی سی مدت 4سال مقرر