ویب ڈیسک: پاراچنار ٹل شاہراہ پر محدود آمدورفت کا آغاز 22 دن بعد کر دیا گیا ہے ۔ ٹریڈ یونین کے مطابق 22 ویں روز کانوائے پہنچا دیئے گئے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ائل ٹینکرز، آٹا، چینی، گیس سیلنڈر اور دیگر غذائی اجناس کی گاڑیاں پہنچا دی گئیں۔
ڈی سی جاوید اللہ نے بتایا کہ دونوں اطراف پھنسے ہوئے مسافروں کو بھی کانوائے میں پہنچا دیا گیا۔ پاراچنار ٹل شاہراہ پر محدود آمدورفت کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس دوران کانوائے میں 212 چھوٹی بڑی گاڑیوں کو باحفاظت پہنچا دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کے ضروریات کو کچھ حد تک پورا کیا گیا ہے۔
ٹیچرز یونین کی جانب سے بھِی اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اپر کرم میں آج تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے ایک ہفتہ بعد کھل رہے ہیں، آر پی چوک پاراچنار میں جاری دھرنا بھی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر عوام کی جانب سے پاراچنار ٹل شاہراہ پر آمد و رفت جلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ڈی سی کرم نے بتایا کہ 12 اکتوبر کو ایک کانوائے پر فائرنگ کے نتیجے میں 15 افراد کی ہلاکت کے بعد روڈ کو سکیورٹی خدشات کے بنیاد پر بند کیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قیام امن کیلئے کوششیں جاری ہیں کامیاب مذاکرات کے بعد روڈ کھل جائے گا۔ ڈی پی او احمد شاہ کے مطابق حراست میں لیے گئے درجنوں افراد سے تفتیش کا عمل جاری ہے ۔
Load/Hide Comments