ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ناکام ہو چکی ہے، ہر محاذ پر انہیں منہ کی کھانی پڑ رہی ہے، ان کا کوئی مستقبل نہیں، ان کے برے دن شروع ہو چکے ہیں۔
عدالت کے باہر میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو ایسے بیچ رہے ہیں جیسے لو ٹ کا مال ہو، اگر انہوں نے قومی ایئر لائن کے حوالے سے اقدام ملکی بقا کی خاطر اٹھایا ہے تو پھر پہلے اپنے فلیٹس بیچیں، ان سے شروعات کریں، اس کے بعد دوسری جانب دیکھیں، ان کے برے دن شروع ہو چکے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کو ہر محاذ پر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا، ان کی پالیسیوں کی وجہ سے ریڑھی والا بیچارہ دیہاڑی تک نہیں لگا سکتا، انہوں نے برجستہ انداز میں کہا کہ سٹیٹ بینک یا ایف بی آر ثابت کرے کہ ان کے تمام دوروں سے ایک ڈالر بھی ملا ہو۔
موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت نے چین تک کو ناراض کر دیا ہے، خارجہ امور نے چین سے متعلق غلط زبان استعمال کی، جسے 24کروڑ عوام مسترد کرتے ہیں، عوام چین کے ساتھ ہیں۔ موجودہ حکومت ناکام، برے دن شروع ہو چکے ہیں.
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سارے ملک میں زمین کی خرید و فروخت رکی ہوئی ہے، اور اس سب کے پیچھے بھِ وفاقی حکومت کا ہاتھ ہے، اس حوالے سے لگائے گئے ٹیکسز کی وجہ سے ہی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں کام رک گئے ہیں۔
Load/Hide Comments