پہلا ون ڈے کینگروز کے نام

پہلا ون ڈے کینگروز کے نام، پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست

ویب ڈیسک: پہلا ون ڈے کینگروز کے نام جبکہ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پرا۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین میچز کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا گیا، اس موقع پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47 اوورز میں 203 رنز ہی بنا کر آوٹ ہو گئی۔
شاہینوں کی جانب سے ایک بار پھر بیٹنگ دھوکہ دے گئی، کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، ٹیم کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 44 اور پیسر نسیم شاہ 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا مگر دونوں بلے باز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے، صائم ایوب صرف ایک رن جبکہ عبداللہ شفیق کو بھی 12 رنز پر پویلین بھیج دیا گیا۔ دونوں اوپنرز کو آسٹریلیا پیسر مچل سٹارک نے پویلین بھیجا۔
سابق کپتان بابر اعظم نے کچھ مزاحمت دکھائی مگر ایڈم زمپا نے ان کی اننگز 37 کے انفرادی سکور پر ختم کر دی، جبکہ کامران غلام 5 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند کا شکار بن گئے۔پاکستان کی 9 ویں وکٹ 183 اور دسویں وکٹ 203 رنز پر گری، حارث رؤف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ نسیم شاہ 40 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔
203 رنز ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو متیھیو شارٹ 19 کے مجموعی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ اوپنر جیک فریزر بھی 16 رنز بنا کر 28 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد سٹیو سمتھ اور جوش انگلس کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے گئے، 113 رنز کے مجموعی سکور پر سٹیو سمتھ 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
بعدازاں کپتان پیٹ کمنز نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی۔ کینگروز نے 204 رنز کا ہدف 34 ویں اوور میں حاصل کرتے ہوئے تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے 3 کھلاڑیوں کا پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2، نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یاد رہے کہ پہلا ون ڈے کینگروز کے نام جبکہ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پرا۔

مزید پڑھیں:  نیو پشاور ویلی منصوبہ ،رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں تفویض