6دہشت گرد ہلاک

افغانستان سے دراندازی ناکام، فورسز نے 6دہشت گرد ہلاک کردیئے

ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو علیحدہ کارروائیوں میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا
سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو مختلف کارروائیوں میں 6دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 3اور چار نومبر کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے دو اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 6دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے عام علاقے دوسالی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں خارجی دہشت گرد احمد شاہ عرف انتظار ہلاک ہوگیا۔
اسی طرح ایک اور کارروائی میں فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے خامرنگ میں پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت پر بروقت کارروائی کی اور دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے اپنی سرحد کے موثر انتظام کی درخواست کرتا رہا ہے، عبوری افغان حکومت سے توقع ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں۔

مزید پڑھیں:  5 ہزار کارکن لاپتہ،ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں: بیرسٹر گوہر کا دعویٰ