ویب ڈیسک: وائٹ ہاوس کا مکین ٹرمپ یاہیرس، انتخابی مہم کا وقت ختم ہو چکا اور اب نئے امریکی صدر کے انتخاب کیلئے پولنگ آج ہوگی۔ پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگی.
تفصیلات کے مطابق نئے امریکی صدر کے انتخاب کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، آج پولنگ ہوگی جس میں 24 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے،7 کروڑ افراد نے پولنگ ڈے سے پہلے ہی ووٹ کاسٹ کر دیا، نارتھ کیرولینا میں ووٹنگ کی شرح 55 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے تنقید کرتے ہوئے شکوک و شبہات کا بھی اظہار کیا تھا۔
جارجیا میں 50 اور ٹینیسی میں 49 فیصد ووٹ کاسٹ ہوگئے، ٹیکساس اور فلوریڈا میں 47،47 فیصد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ ذرائع کے مطابق انتخابات میں 435 ایوان نمائندگان کا انتخاب کیا جائے گا، جن میں 33 سینیٹرز اور 13 گورنرز کا چناؤ الگ سے کیا جائے گا۔
امریکی انتخابات پوری دنیا پر اثر انداز ہوتے ہیں اس لئے آج بھی دنیا بھر کے لوگوں کی نظریں سوئنگ سٹیٹس پر مرکوز ہیں۔ اس دوران معلق ریاستوں کے 93 الیکٹورل ووٹ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، الیکٹورل کالج میں کملہ ہیرس کو مجموعی طور پر 224 اور ڈونلڈ ٹرمپ کو 219 ووٹ ملنے کی پیشگوئی کی گئی، تاہم یہ ابھی پیشگوئی کی حد تک ہے۔
ادھر امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز کیرولائنا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کی دوڑ میں ہم ہی جیتیں گے، تمام سوئنگ ریاستوں میں ہم ہی کامیابی حاصل کریں گے، ہمارے دور میں امریکا کی سرحدیں محفوظ تھیں، اقتدار میں آ کر مہنگائی کا خاتمہ کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر الیکشن چوری ہونے سے محفوظ رکھنا ہے تو سب کو نکلنا ہوگا، اگر ہر شہری اپنا جمہوری حق استعمال کرے گا تو کوئی بھی ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔
ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس نے ریاست پنسلوانیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ٹرمپ کے دور سے آگے بڑھنے کیلئے تیار ہے، ووٹ ڈالتے وقت کمیونٹی کی تعمیر کے بارے میں سوچیں۔
کملا ہیرس کے اسرائیل کی مکمل سپورٹ کے بیان نے جہاں امریکہ میں مسلم کمیونٹی کو ناراض کیا ہے وہیں اب ان کی نظریں گرما گرم بیانات دے کر ان کے دل جیتنا ہے لیکن ماہرین کے مطابق اب یہ مشکل دکھائی دے رہا ہے۔
یاد رہے وائٹ ہاوس کا مکین ٹرمپ یاہیرس، انتخابی مہم کا وقت ختم ہو چکا اور اب نئے امریکی صدر کے انتخاب کیلئے پولنگ آج ہوگی۔ پولنگ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگی.
Load/Hide Comments