ویب ڈیسک: دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دہلی اور لاہور میں مقابلہ گزشتہ کئی روز سے جاری ہے، اس دوران گزشتہ روز دوسرے نمبر پر رہنے کے بعد آج آلودہ ترین شہروں میں لاہور ایک بار پھر سرفہرست آ گیا، شہر کا اے کیو آئی 517 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی فضا بدستور آلودہ اور مضر صحت ہے جس کی بدولت گزشتہ روز سے سکول ایک بند کرنے کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جو کہ ایک ہفتے پر محیط ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں باغوں کا شہر 517 اے کیو آئی کے ساتھ آج پھر سرفہرست آ گیا، اور بھارتی شہر دہلی دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
لاہور میں جوہر ٹاؤن کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 320 تک جا پہنچا ہے جبکہ مال روڈ کے آس پاس کے علاقوں کا اے کیو آئی 475 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر آس پاس علاقوں کا ایئر کوالٹی انڈیکس اس سے بھِی بدتر ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، دوسری طرف ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد تک جا پہنچا ہے۔ اس کے باوجود شہر لاہور میں تاحال بادل برسنے کا کوئی امکان دکھائی نہیں دے رہا۔
حکومت پنجاب بڑھتی سموگ کنڑول کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، ان کا کوئی بھی حربہ کارگر ثابت نہیں ہو رہا، اسی لئے طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک ضرور پہننے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ گھروں سے غیر ضروری باہر نکلنے سے بھی شہریوں کو منع کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق لاہور میں سموگ کی صورتحال مزید گھمبیر ہونے کا خدشہ منڈلانے لگا ہے، محکمہ ماحولیات نے اس حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کردیا۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور اور اس کے گرد و نواح میں داخل ہونیوالی بھارتی ہوائوں کی رفتار4 سے8 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو گی۔
Load/Hide Comments