انکوائری سے بچنے کیلئے آپ

انکوائری سے بچنے کیلئے آپ کو پیش ہونا ہوگا، علی امین کا عاطف خان کو مشورہ

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر علی امین گنڈاپور اور پارٹی کے مرکزی رہنما عاطف خان آمنے سامنے آگئے، نوٹس پر ناراض عاطف خان کو مخاطب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انکوائری سے بچنے کیلئے آپ کو پیش ہونا ہوگا، نہیں تو کل کوئی اور آ کر کارروائی شروع کر دے گا۔
یاد رہے کہ عاطف خان کے خلاف محکمہ انٹی کرپشن کا نوٹس بھیجنے پر عاطف خان سیخ پا ہوگئے تھے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ سب جانتے ہیں اینٹی کرپشن کا نوٹس کیوں اور کس کے کہنے پر آیا ہے۔ یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی حرکت کرنے پر میں چپ بیٹھوں گا تو ایسا نہیں ہے، پارٹی کا نقصان عمران خان کا نقصان ہے۔
سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی عاطف خان کے مبینہ آڈیو پیغام پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا آڈیو پیغام بھی سامنے آ گیا، سوشل میڈیا پر جاری آڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے سابق صوبائی وزیر عاطف خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بیانات دے رہے ہیں اور جس قسم کی باتیں کررہے ہیں وہ میں سن رہا ہوں، آپ پہلے معاملات کی تصدیق کرلیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپ حیثیت کی بات کررہے ہیں، آپ اس طرح کی باتیں نہ کریں، ایسی باتیں آپ کے منہ سے اچھی نہیں لگتیں، ہم سارے آپس میں بھائی ہیں، آپ حیثیت کے چکر میں پڑیں گے تو پھر ہمیں آپ کی حیثیت کا اچھی طرح علم ہے۔ آپ کی دھمکیوں اور بدمعاشی سے کوئی ڈرتا ہے نہ ہی کوئی مانتا ہے، اور آپ اتنے اہم فرد بھی نہیں کہ میں جس کے پیچھے پھرتا رہوں۔
سردار علی امین گنڈاپور نے عاطف خان سے مزید کہا کہ آپ اعظم خان، پرویز خٹک اور محمود خان کے ساتھ نیب سے متعلق جو کہانی سنا رہے، آپ کے خلاف یہ انکوائری اور کیسز میں کھلی ہے، آپ نے 4 ماہ پہلے گروپ میں میسج کیا تھا کہ ہماری انکوائریوں کا کیا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے عاطف خان کو مشورہ دیا کہ انکوائری سے بچنے کیلئے آپ کو پیش ہونا ہوگا اور اپنا نام کلیئر کرانا ہوگا، ورنہ یہ فائلیں اسی طرح پڑی رہیں گی جنہیں بعد میں کوئی اور کھول لے گا۔
صوبائی صدر پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آپ کو یہ ٹونس صرف اس لیے بھیجا گیا ہے کہ آپ آئیں اور جواب دیں اس کا، یہ وہ کہانی نہیں جو آپ سنا رہے ہیں، یہ کوئی اور کہانی ہے جس پر آپ کو طلب کیا گیا ہے۔ چیزوں کو الٹ پلٹ کرکے خود سے کہانیاں گھڑنا اور کہنا کہ مجھے معلوم ہے کہ یہ کس نے کیا ہے اور میسج میں میرا نام لکھ کر کہنا کہ یہ اپنی حیثیت دکھا رہا ہے، مہربانی کرکے اس طرح کی باتوں سے گریز کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں پہلے ہی آپ کو برداشت کررہا ہوں، آپ نے میڈیا پر آکر پہلے بھی ڈراما بنایا اور اب بھی بنا رہے ہیں، میں اتنا فارغ نہیں اور نہ ہی آپ اتنے اہم ہیں کہ میں آپ کے خلاف اس طرح کی چیزیں نکالتا پھروں۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے محکمہ اینٹی کرپشن نے یکم نومبر کو بذریعہ نوٹس عاطف خان کو مالم جبہ اراضی سکینڈل میں طلب کیا تھا۔
عاطف خان نے نوٹس بھجوائے جانے پر کہا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ اینٹی کرپشن کا نوٹس کیوں اور کس کے کہنے پر آیا ہے۔ یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی حرکت کرنے پر میں چپ بیٹھوں گا تو ایسا نہیں ہے، پارٹی کا نقصان عمران خان کا نقصان ہے۔

مزید پڑھیں:  اکتوبر کے بلوں میں 1روپیہ 14پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری