26ویں آئینی ترمیم کیخلاف تحریک انصاف

26ویں آئینی ترمیم کیخلاف تحریک انصاف کا عدالت سے رجوع

ویب ڈیسک: 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف تحریک انصاف نے بھی درخواست دائر کر دی، پی ٹی آئی نے 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف تحریک انصاف کے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی، درخواست گزاروں میں ایڈووکیٹ منیر احمد بھی شامل ہیں۔
سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں وفاق، چاروں صوبوں، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، صدر مملکت اور وزیر اعظم کو فریق بنایا گیا ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے آئینی درخواست کو ڈائری نمبر الاٹ کر دیا گیا۔
درخواست میں پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 26ویں ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ہے، عدلیہ کی آزادی کو صلب کرنے کا اختیار پارلیمان کے پاس بھی نہیں، سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ بنیادی حقوق کو ختم یا کم نہیں کیا جا سکتا۔
درخواست گزاروں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ عدلیہ کی آزادی سے متصادم ترمیم کالعدم قرار دی جائے، جبکہ 26 ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں تشکیل نو پانے والے جوڈیشل کمیشن کو اجلاس منعقد کرنے سے روکا جائے۔

مزید پڑھیں:  ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پر حملے تیز، اے ایس آئی شہید، 3 اہلکار زخمی