ایف سی قافلے پر حملہ

ڈی آئی خان میں ایف سی قافلے پر حملہ، 2اہلکار شہید،4زخمی

ویب ڈیسک: ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف سی کے قافلے پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا جس میں 2اہلکار شہید جبکہ 4زخمی ہو گئے ۔
ایف سی قافلہ درازندہ قلعہ جارہا تھا کہ دہشت گردوں نے حملہ کردیا ،ایف سی جوانوں اور دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا ۔
ترجمان وزارت داخلہ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا بہادری سے لڑتے ہوئے ایف سی کے 2 سپاہی شہید جبکہ 4زخمی ہوئے۔
شہید سپاہی شیر الرحمان اور شہید سپاہی سید امین نے خوارجی دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا اور شہادت کا بلند رتبہ پایا۔
شہید سپاہی شیر الرحمان کا تعلق جنوبی وزیرستان اور شہید سپاہی سید امین کا تعلق صوابی گدون سے تھا، زخمیوں میں حوالدار امتیاز، سپاہی محب شاہ، سپاہی صاحب دین اور سپاہی فضل کریم شامل ہیں۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ایف سی کے زخمی چاروں سپاہیوں کو علاج کے لئے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے قافلے پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
محسن نقوی نے شہید ہونے والے ایف سی اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے انہوں نے زخمی ہونے والے 5 اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں نے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، ایف سی کے جری جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف سی کے قافلے پر خارجی دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایف سی اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہباز شریف نے شہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔

مزید پڑھیں:  پاک افواج ملک کیخلاف ہرسازش ناکام بنا دینگی، جنرل عاصم منیر