امریکی صدر کے انتخاب کیلئےووٹنگ

امریکی صدر کے انتخاب کیلئےووٹنگ جاری،ٹرمپ اور کملا میں کانٹے کا مقابلہ

ویب ڈیسک: امریکہ میں صدارتی انتخابات کے لئے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا جس میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکہ کی 8ریاستوں میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا، انڈیانا اور کینٹکی میں پولنگ صبح 6 بجے شروع ہوئی جبکہ کچھ ریاستوں میں پولنگ سٹیشنز صبح 7 بجے کھلیں گے۔
امریکا میں 6مختلف ٹائم زون کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں پولنگ کا آغاز اور اختتام الگ الگ وقتوں پر ہوگا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ورمونٹ میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں جبکہ نارتھ کیرولائنا، اوہائیو اور ویسٹ ورجینیا میں بھی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
نیویارک اور نیو جرزی میں بھی ووٹرز پولنگ اسٹیشنوں کارخ کر رہے ہیں جبکہ نیو ہیمپشر اور کنیٹی کٹ میں بھی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
نارتھ کیرولائنا، امریکا میں پانسہ پلٹنے والی ان 7ریاستوں میں شامل ہے جو کسی بھی امیدوار کی کامیابی میں فیصلہ کن ہوں گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق 7 کروڑ 89 لاکھ افراد پہلے ہی ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں اور کسی بھی امیدوار کو جیت کے لیے کل 538 میں سے کم از کم 270الیکٹورل ووٹ درکار ہوں گے۔
امریکا میں صدارتی انتخابات میں الیکشن کے دن کی ووٹنگ کا آغاز رات نیو ہیمپشائر میں ہوا اور پہلا ووٹ نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے سے قصبے ڈکسوائل نوچ میں ڈالا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈکسوائل نوچ میں کل 6 ووٹ رجسٹر تھے جن میں سے ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں کو 3،3 ووٹ پڑے اور اس طرح نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے قصبے میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن امیدوار میں مقابلہ برابر رہا۔
پنسلوینیا میں انتخابی مہم کے اختتام پر تقریر کرتے ہوئے نائب صدر اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے کہا کہ انتخابات کا دن آ گیا ہے اور ہر ووٹ اہمیت کا حامل ہے۔
انتخابی مہم کے آخری جلسے میں اختتامی تقریر کرتے ہوئے ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اظہار کیاہے ۔

مزید پڑھیں:  بندوق، غلیل اور پتھرپاکستان کی پہچان نہیں،مریم نواز