اضافی ججز فراہم کرنے کا فیصلہ

زمینوں سے متعلق مقدمات: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا اضافی ججز فراہم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے نے زمینوں سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لئے نچلی سطح کے عدالتوں کو اضافی ججز فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت بورڈ آف ریوینیو کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر برائے ریوینیو نذیر عباسی، سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو سید امتیاز حسین شاہ اور محکمہ مال کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی ۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے زمینوں سے متعلق زیر التوا مقدمے جلد نمٹانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے نچلی سطح کے عدالتوں کو اضافی ججز فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جن اضلاع میں زمینوں سے متعلق مقدمات زیادہ ہیں وہاں پر اضافی ججز تعینات کئے جائیں گے، اس مقصد کے لئے محکمہ قانون عدلیہ کی مشاورت سے ہوم ورک مکمل کرے۔
اجلاس میں اجلاس میں زمینوں کی ملکیتی رقبوں کے مستقل بنیادوں پر تعین کے لیے جی آئی ایس ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ،ابتدائی طور پر جی آئی ایس میپنگ مخصوص اضلاع میں بطور پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے صوبے میں جاری لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن اور جی ایس ایس میپنگ زمینوں کے تنازعات کا واحد حل ہیں ان پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جن جن اضلاع میں لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن مکمل ہو گئی ہے وہاں پر سروسز ڈیلیوری سنٹرز کو فوری طور فعال کیا جائے ، صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے درکار تمام وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کے شہریوں کو خدمات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو بورڈ آف ریونیو میں گذشتہ چھ ماہ کے دوران اٹھائے گئے اصلاحاتی اقدامات بارے بریفنگ دی گئی ۔
علی امین گنڈا پور کوکابینہ اجلاسوں اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے کیے گئے فیصلوں اور ہدایات پر عملدرآمد پر پیشرفت سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا ۔

مزید پڑھیں:  ڈی چوک مقدمے کیخلاف علی امین گنڈاپور کا عدالت سے رجوع