ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں اضافہ فوج کا اندرونی معاملہ ہے ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھاکہ سروسزچیفس کی مدت ملازمت میں اضافہ مسلح افواج کا اندرونی معاملہ ہے، یہ قانون سازی جس طرح سے کی گئی ہے اس طرح نہیں ہونی چاہیے تھی۔
سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ بہرحال یہ ایک واقعہ ہے جو ہوگیا ہے، اس کے ساتھ ہی آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ روز عدلیہ اور پوری قوم پر حملہ کیا، حکومت اب مقتدرہ کی خواہش پر جج لگائے گی اور پاکستان کو ایک محکوم ملک بنانے کی سازش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد ذہن رکھنے والوں کیلئے دروازے بند کر دیئے گئے ہیں، ہمیں فیصلہ کرنا ہے ڈرے ہوئے انسانوں کی طرح رہنا ہے یا آزاد قوم کی طرح؟ ہمیں اور ہمارے بچوں کو بھی دبایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ آج ہماری نوجوان نسل مایوس ہو چکی ہے، وہ ملک سے فرار چاہتے ہیں، ہم ڈر گئے ، سہم گئے تو ملک میں تاریکی کا راج ہو گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے آرمی ایکٹ اور ججز ایکٹ میں ترمیم کے بل منظور کیے تھے، آرمی، نیول اور ائیر فورس ایکٹ میں ترمیم کے مطابق سروسز چیفس کے عہدے کی مدت اب تین سے بڑھ کر پانچ سال کردی گئی۔
Load/Hide Comments