ویب ڈیسک: امریکی صدارتی انتخابات کیلئے تمام 50ریاستوں میں ہونے والی پولنگ کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مرتبہ امریکہ کے صدر منتخب ہو گئے ہیں ۔
نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ 277الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے وائٹ ہاؤس پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ کملاہیرس 216 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکیں، کسی بھی امیدوار کو جیت کیلئے 538 میں سے 270 الیکٹورل ووٹ درکار تھے۔
امریکا کے صدارتی انتخابات میں ساڑھے 16 کروڑ ووٹرز نے حق رائے دہی کااستعمال کیا جبکہ قبل از وقت ووٹنگ میں 8کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرچکے تھے۔
اب تک کے نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان میں ری پبلکن 188 اور ڈیموکریٹس 160نشستوں پر کامیاب ہو چکے ہیں۔
سینیٹ میں بھی ری پبلکن پارٹی نے اکثریت حاصل کر لی ،سینیٹ میں ری پبلکن کی 51 اور ڈیموکریٹس کی 43 نشستیں ہو گئی ہیں،100 رکنی سینیٹ میں اکثریت کے لیے 51 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست انڈیانا، فلوریڈا، اوہائیو ، کینٹکی، ریاست اوکلوہاما ، الباما ، جنوبی کیرولینا، ریاست مسی سپی ، آرکنساس میں ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہو گئے ، ویسٹ ورجینیا میں بھی ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوئے۔
ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے نیومیکسکیو میں 5، اوری گن 8، کولوراڈو میں 10، مین 1، ہوائی 4 ، واشنگٹن میں 12 ، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں 3 اور کیلیفورنیا میں 54 الیکٹورل ووٹ لے کرمیدان مار لیا ، کملا نے سب سے زیادہ ووٹ لے کرکیلیفورنیا میں کامیابی حاصل کی ۔
ریاست ہوائی میں دسویں مرتبہ ڈیموکریٹ پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے ، اسی طرح ایلی نوائے، نیوجرسی ، میری لینڈ اور ورمونٹ میں کملا ہیرس کامیاب ہوگئیں، ورمونٹ میں کملاہیرس نے 3 ہزار 77 ووٹ حاصل کئے، ڈونلڈ ٹرمپ کو ورمونٹ میں2561 ووٹ ملے۔