گورنراور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اختلافات ختم

گورنراور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا میں اختلافات ختم،مل کر چلنے پر اتفاق

ویب ڈیسک: گورنر فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے، صوبے کے حقوق کے لئے مل کر چلنے پر اتفاق کیاگیا ۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا پور کے درمیان گورنر ہائوس میں اہم ملاقات ہوئی جس میںخیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور صوبہ کے متعدد دیگر مسائل و حقوق کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر اور وزیر اعلیٰ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبہ کی معاشی ترقی کے لیئے قیام امن ناگزیر ہے ،وفاق سے قیام امن کے حوالہ سے مسائل کے حل اور سیکورٹی کے لیئے دستیاب وسائل کے حصول کے لیے دونوں متحد ہوکر کوشش کریں گے ۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں صوبے میں سیاحت کے فروغ اور عوامی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کو وفاق سے متعلق جتنے بھی مسائل ہیں انکے حل کے لئے میں وفاقی حکومت سے رابطہ کرکے صوبہ کے وکیل کا کردار ادا کرونگا ۔
قبل ازیں صوبائی کابینہ میں شامل نئے وزیر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور گورنر ہائوس پہنچے تو گورنر خیبرپختونخوا نے انکا خیر مقدم کیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی ، آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان گنڈا پور بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید پڑھیں:  اے این پی تحریک انصاف پر پابندی کے حق میں نہیں، بازمحمد خان