ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا دورہ پشاور یونیورسٹی، منشیات کیخلاف سیمینار میں شرکت بھی کی، ڈرگ فری پشاور پروگرام کے تیسرے مرحلے کا اجراء۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا دورہ پشاور یونیورسٹی کے دوران منشیات کیخلاف سیمینار میں شرکت کے موقع پر ڈرگ فری پشاور کے تیسرے مرحلے کا اجراء بھی کیا گیا۔
منشیات کے خلاف آگاہی مہم کے تحت یونیورسٹی آف پشاور میں سیمینار میِں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اراکین صوبائی کابینہ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سرکاری حکام، صوبے کی جامعات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ڈرگ فری پشاور پروگرام کے تیسرے مرحلے کے اجراء کا بھی اعلان کیا، جبکہ وزیر اعلی نے منشیات کے خلاف آگہی واک کی قیادت بھی کی۔ ڈرگ فری پشاور پروگرام کے تیسرے مرحلے میں نشے کے عادی 2000 افراد کی بحالی عمل میں لائی جائے گی۔
اس پروگرام کے تحت نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت نے 32 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، جبکہ منشیات کے عادی افراد کو تحویل میں لے کر بحالی مراکز منتقل کیا جائے گا، جہاں انہیں علاج اور بحالی کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پروگرام کا مقصد صوبائی دارلحکومت پشاور کو منشیات سے پاک کرنا اور نشے کے عادی افراد کا علاج کرکے انہیں دوبارہ نارمل زندگی کی طرف واپس لانا ہے۔ ڈرگ فری پشاور پروگرام کے تحت پشاور کو منشیات سے پاک کرنے کےلئے تعلیمی اداروں میں ایک جامع آگاہی مہم کا اجراء بھی کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کی تباہ کاریوں کے خلاف شعور اُجاگر کرنا ہے۔
پروگرام کی مؤثر مانیٹرنگ اور اس کو نتیجہ خیز بنانےکیلئے ڈپٹی کمشنر آفس اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں کنٹرول رومز بھی قائم کئے گئے ہیں۔ بحالی پروگرام کے پہلے دو مراحل میں مجموعی طور پر 2400 نشے کے عادی افراد کی بحالی عمل میں لائی گئی۔
Load/Hide Comments