2500 کلوگرام ناقص و مضرصحت گوشت

محکمہ خوراک متحرک، 2500 کلوگرام ناقص و مضرصحت گوشت تلف

ویب ڈیسک: غیر معیاری گوشت سپلائی کرنے والوں کیخلاف محکمہ خوراک متحرک، کارروائی کے دوران 2500 کلوگرام ناقص و مضرصحت گوشت تلف کر دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے عوامی ایجنڈا پروگرام کے تحت اور وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ہدایت پر محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے ناقص خوراک کے کاروباروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ اس دوران محکمہ خوراک کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے مردہ اور غیر معیاری گوشت سپلائی کرنے والے گروہ کو پکڑ لیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران تقریباً 2500 کلوگرام ناقص و مضرصحت گوشت برآمد کر کے فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔
محکمہ خوراک کے حکام کے مطابق راشننگ کنٹرولر کی نگرانی میں انسپکشن ٹیموں نے خفیہ اطلاع ملنے پر علی الصبح ٹول پلازہ موٹروے پشاور پر ناکہ بندی کی، جہاں چیکنگ کے دوران ایک گاڑی سے سینکڑوں کلوگرام باسی اور ناقص گوشت پکڑا گیا۔ محکمہ لائیو سٹاک کے میٹ ٹیسٹنگ لیب نے گوشت کے نمونے چیک کیے اور اسے انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں قرار دیا۔
انسپیکشن ٹیموں نے اس گوشت کو تلف کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ باسی گوشت پنجاب سے خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔ اس کارروائی کے دوران گاڑی مالکان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج جبکہ ملوث دیگر افرد کیخلاف بھی قانونی کارروائی کا شروع کر دی گئی۔
سیکرٹری محکمہ خوراک ثاقب رضا اسلم کے مطابق وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ہدایت پر تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو غیر معیاری گوشت کی سپلائی کے نیٹ ورک کی تحقیقات کرے گی۔ وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے معائنہ ٹیموں کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ ایسے کاروباروں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوام کی صحت محفوظ بنائی جا سکے راشننگ کنٹرولر پشاور توصیف اقبال کے مطابق کہ مضر صحت گوشت فیصل آباد سے پشاور سپلائی کیا جا رہا تھا، مضر صحت گوشت پشاور کے بازاروں میں سپلائی کیا جانا تھا۔

مزید پڑھیں:  دورہ جنوبی افریقہ کیلئے محمد رضوان کپتان برقرار، بابراعظم کی انٹری