ویب ڈیسک: کملا ہیرس نے انتخابات میں شکست کے بعد الیکشن مہم میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا، اپنے خطاب میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار نے کہا کہ الیکشن نتائج تسلیم کرنے چاہئیں، جمہوریت کا اصول یہی ہے کہ ہارو تو شکست تسلیم کرو، جمہوریت اور آمریت میں یہی فرق ہے۔
کملا ہیرس نے الیکشن میں شکست تسلیم کرتے ہوئے نو منتخب امریکی صد رڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ ڈیموکریٹک امیدوار نے شکست کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ ہم ہمت نہیں ہاریں گے، اور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ الیکشن کے نتائج کو ہمیں ہر صورت تسلیم کرنا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد امریکا کے بہتر مستقبل کے لئے ہے، ٹرمپ کو بتا دیا ہے کہ اقتدار کی پرامن منتقلی کیلئے ان کی مدد کروں گی، الیکشن مہم میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ، انہوں نے کہاکہ سب سے اہم چیز اپنے ملک کیلئے جدوجہد ہوتی ہے، اور اس سے بھی بڑھ کر چیز یہ ہے کہ آپ کبھی ہمت مت ہاریں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ امریکا میں جمہوریت اور قانون کی عملداری کیلئے لڑتے رہیں گے، ہمیں انصاف کیلئے جدوجہد جاری رکھنی چاہئے، جمہوریت کا اصول ہے کہ ہارو تو شکست تسلیم کرو ، جمہوریت اور آمریت میں یہی فرق ہوتا ہے۔
Load/Hide Comments