پنجاب میں سموگ کا راج برقرار

پنجاب میں سموگ کا راج برقرار، آلودگی میں نمبر ون

ویب ڈیسک: پنجاب میں سموگ کا راج برقرار ہے، صوبہ پنجاب آلودگی میں بھی نمبر ون صوبہ بن گیا ہے، بھارت سے آنیوالی آلودہ ہواوں کی بدولت لاہور سمیت متعدد شہر شدید آلودگی کی لپیٹ میں ہیں، اسی وجہ سے تمام تعلیمی ادارے بھی بند کر دیئے گئے ہیں تاکہ بچے محفوظ رہ سکیں۔
آلودگی کے اعتبار سے لاہور بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ شہر لاہور میں سموگ کی اوسط شرح 822 ریکارڈ کی گئی ہے تاہم ڈی ایچ اے فیز 8 کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1254 تک پہنچ گیا، جبکہ دوسری طرف شملہ پہاڑی اور امریکی قونصلیٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 876 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ ماحولیات کی جانب سے سموگ کی شرح میں مزید اضافے کا سائرن بجا دیا گیا ہے، اس لئے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بڑھتی سموگ کے باعث حکومت پنجاب نے پنجاب کے چار بڑے ڈویژنز میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔ اب لوگ گھروں کے قریب ہوں یا کام پر جائیں ماسک لازمی استعمال کریں۔
محکمہ ماحولیات کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان ڈویژنز میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، اور اس کے استعمال کی سختی سے تاکید کی گئی ہے۔ 31 جنوری تک سموگ سے متاثرہ علاقوں میں ماسک پہننا لازمی ہو گا۔
محکمہ ماحولیات کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں سموگ کا راج برقرار ہے اسی وجہ سے سموگ سے متاثرہ علاقوں میں سانس کے امراض بڑھ رہے ہیں، لوگوں کو کیمیائی مادوں کے اثرات سے بچانے کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے، اور اس سلسلے میں اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  نرگس فخری کی بہن دہرے قتل کے جرم میں گرفتار