اسرائیلی وزیر دفاع برطرفی کیخلاف اسرائیل میں مظاہرے پھوٹ پڑے

ویب ڈیسک: اسرائیلی وزیر دفاع برطرفی کیخلاف اسرائیل میں مظاہرے پھوٹ پڑے، اسرائیلی وزیردفاع یواف گیلانٹ کو وزیراعظم نیتن یاہو نے برطرف کیا ہے، تاہم ان کی برطرفی کیخلاف اسرائیل میں مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔ تل ابیب، نہاریہ، حیفا اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی مظاہرین کی جانب سے وزیراعظم نیتن یاہو کیخلاف سخت نعرے بازی کی گئی، اس دوران ہزاروں مظاہرین نے سڑکیں بلاک کر کے جلاؤ گھیراؤ بھی کیا جس سے سارا علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ مظاہرین نے دلبرداشتہ انداز میں کہا کہ انہیں خطرہ ایران یا حزب اللہ سے نہیں بلکہ اپنی حکومت سے ہے، جس کا ہر فیصلہ ہمارے خلاف جا رہا ہے۔
احتجاج کے دوران اسرائیلی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن سمیت متعدد حربوں کا استعمال کیا، اور اس دوران 40 اسرائیلیوں کو گرفتار بھی کر لیا۔ یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے دوران جنگ وزیر دفاع یواف گیلانٹ کو برطرف کردیا تھا، اور ان کی جگہ موجودہ اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
اسرائیلی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کے دفتر سے جاری خط میں یواف گیلانٹ کو کہا گیا کہ اس خط کے موصول ہونے کے 48 گھنٹے بعد وہ وزیر دفاع کے عہدے سے برطرف ہو جائیں گے۔ نیتن یاہو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں ہمارے درمیان اعتماد تھا لیکن اب اس کی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  فرانسیسی وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد منظور، عہدے سے فارغ