ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق سینیٹر اعظم سواتی نے خیبر پختونخوا میں سینٹ انتخابات کیلئے ترمیمی درخواست دائر کردی ہے۔ اس درخواست میں خیبر پختونخوا میں سینٹ انتخابات کے لئے تاریخ دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کو مخصوص نشستوں پر حلف کے ساتھ مشروط کیا اور موقف اپنایا کہ جب تک خیبر پختونخوا میں مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدوار حلف نہیں لیتے اس وقت تک خیبر پختونخوا میں سینٹ انتخابات نہیں ہوںگے، جو غیر آئینی و غیرقانونی اقدام ہے۔
ترمیم شدہ درخواست کے مطابق الیکشن کمیشن کا فیصلہ جانبدارانہ اور آئین کے خلاف ہے۔ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنا الیکشن کمیشن کے اپنے قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ اس قسم کے فیصلہ سینیٹ انتخابات کی شفافیت کو متاثر کرتے ہیں، کیونکہ دوسرے صوبوں میں انتخابات ہو گئے ہیں۔ اس لئے آئین کے تحت ایک صوبے میں الیکشن کو کسی فیصلے سے مشروط کرنا درست نہیں۔
رٹ میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کا 26 مارچ 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر صوبے میں سینیٹ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کرے۔ واضح رہے کہ اعظم سواتی کی جانب سے پہلے دائر رٹ کو لارجر بنچ نے 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد نمٹا دیا تھا اور انہیں ترمیم شدہ درخواست دائر کرنے کی اجازت دی تھی، تاہم اب کی بار پھر انہوں نے صوبہ میں سینٹ انتخابات کیلئے ترمیمی درخواست دائر کر دی.
Load/Hide Comments