ویب ڈیسک: افغانستان کی طالبان حکومت نے کہا ہے کہ امید ہے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت امریکا افغان تعلقات میں نئے باب کا سبب بنے گی۔ ذرائع کے مطابق افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ افغان حکومت کو امید ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں ٹھوس پیش رفت کے لئے حقیقت پسندانہ اقدامات اٹھائے گی۔
انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ ٹرمپ کی جیت امریکہ افغان تعلقات میں نئے باب کے کھلنے کی نوید لے کر آئیگا۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور اقتدار میں طالبان کے ساتھ امن معاہدے کی سربراہی کی، جس کے نتیجے میں امریکا کو 2021 میں انخلا کا راستہ ملا اور 20 سالہ قبضے کا خاتمہ ہوا۔
ادھر طالبان کے تاریخی گڑھ قندھار کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ انعام اللہ سمنگانی نے بھی اپنی ایکس پوسٹ میں کہا ہے کہ امریکی عوام اپنے عظیم ملک کی سربراہی ایک خاتون کے ہاتھ میں دینے کےلئے تیار نہیں ہیں، اسی لئے دوبارہ ٹرمپ کا انتخاب کیا۔
دوسری جانب نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگلے برس20جنوری کو ایک تقریب کے دوران اپنے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔ ان کی تقریبِ حلف برداری سے قبل امریکی صدارتی انتخاب کے تمام معاملات17دسمبر تک طے ہو جائیں گے۔ اس کے بعد امریکی کانگریس6جنوری کو باقاعدہ الیکٹورل کالج ووٹوں کی گنتی کرے گی اور نئے صدر کے انتخاب پر مہر ثبت کردے گی۔
Load/Hide Comments