چینی شہریوں کی سکیورٹی حکومت

چینی شہریوں کی سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے، شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی، اس دوران وزیراعظم نے کراچی میں چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی۔ ان کاکہنا تھا کہ میں چینی شہریوں پر اس حملے کی مذمت اور زخمیوں کی عیادت کرنے کیلئے آپ سے ملنے آیا ہوں، شہباز شریف نے چینی سفیر کو ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی۔
شہباز شریف نے چینی سفیر سے بات چیت کے دوران کہا کہ ملزمان کو گرفت میں لینے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے عمل کی خود نگرانی کر رہا ہوں، واقعہ میں زخمی چینی شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دے چکے ہیں، یہ بھی ہمارے باعث اطمینان ہے کہ چینی شہریوں کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، اور پاکستان میں چینی شہریوں پر حملہ پاک چین گہرے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی مزموم کوشش ہے، لیکن دونوں ممالک کی دوستی لازوال ہے، پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ادھر چینی سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم واقعہ کے ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں کردار ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں:  فرانسیسی وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد منظور، عہدے سے فارغ